کوئٹہ پولیس جرائم کی وارداتوں میں کمی لانے میں ناکام ہوگئی، پشتونخوا میپ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف شاہراہوں پر دن دہاڑے چوری وڈکیتیوں کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور پولیس ان جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور واداتوں میں کمی لانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز سٹی تھانے کے ایریا میں انجینئر روحیل خان بڑیچ کی موٹر سائیکل نمبر MAL-7155 چوری جبکہ اسی علاقے میں محب الرحمن سے گن پوائنٹ پر موبائل چھین کے فرار ہوگئے۔ اس طرح کے درجنوں واقعات رونماء ہورہے ہیں اور شہری مکمل طور پر جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں سے بیٹری چرانے، سائیڈ شیشے نکالنے کے واقعات میں بھی بتدریج اضافہ ہوچکا ہے اور مذکورہ بالا تمام تمام جرائم میں ملوث عناصر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی گرفت سے آزاد اور انتہائی دیدہ دلیری کے ساتھ ہر واردات کے بعد فرار ہوجاتے ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی فی الفور سرکوبی کی جائے دیگر صورتحال میں عوام اپنی تحفظ کیلئے خود اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور آئی جی پولیس پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں