ریکوڈک منصوبے اور معاہدے کے بہت سارے پہلو واضح نہیں، ڈاکٹر منظور بلوچ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے ساحل اور وسائل، ریکوڈک معاہدے سمیت دیگر سیاسی و معاشی صورتحال پر سیمینار کا انعقاد۔ پروفیسر ڈاکٹر منظور بلوچ نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے اور ریکوڈک معاہدے کے بہت سارے پہلو ہیں کچھ چیزیں بہت واضح ہیں کچھ باتیں واضح نہیں ، کہا جارہا ہے کہ یہ ٹریلین ڈالرز کا منصوبہ ہے لیکن اس ٹریلین ڈالرز کے منصوبے کے حوالے سے بلوچ کو اسٹیک ہولڈر ہی نہیں سمجھا گیا اعتماد کا پودا سوکھ چکا ہے عدم اعتماد کی صورتحال ہے شروع دن سے معاملات کو انتہائی غیر سنجیدگی سے لیا گیا ریکوڈک سمیت جتنے بھی معدنی وسائل ہیں ان سے بلوچ بچوں کو کوئی فائدہ نہیں مل رہا ۔ سینئر وکیل راحب بلیدی نے کہا کہ ریکوڈک کے وسیع ذخیرے ، وہاں موجود معدنیات ، ان معدنیات کو نکالنے ، ان پر چیک اینڈ بیلنس کے نظام اور میکانزم سمیت بہت سی چیزیں ابھی تک واضح نہیں۔ بلوچستان ہائیکورٹ میں 1993 کو معاہدہ ہونے کے بعد پہلی مرتبہ مولانا عبدالحق بلوچ نے چیلنج کیا تھا اس کے بعد سپریم کورٹ میں بھی یہ معاملہ گیاعدالتی احکامات اور آئین کی خلاف ورزی افسوسناک ہے قومی وسائل پردسترس کے لئے صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔


