(ن) لیگ کی وزیراعلی پنجاب کےانتخاب کے لئے دائردرخواست پررجسٹرارآفس کا اعتراض
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن ) نے وزیر اعلی پنجاب کا انتخاب کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی۔ رجسٹرار آفس نے حمزہ شہباز کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔رجسٹرار آفس کے مطابق اسپیکرکے احکامات عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتے۔ حمزہ شہباز کی درخواست پربطوراعتراض کیس کی سماعت ہوگی۔پنجاب میں وزیراعلی کا انتخاب کرانے کے لئے لاہورہائیکورٹ میں آئینی درخواست (ن)لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کی جانب سے دائرکی گئی۔
حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست میں اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ یکم اپریل سے وزیراعلی پنجاب کا عہدہ خالی ہے لہٰذا پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر کے فوری طورپر وزیراعلی کا انتخاب کرایا جائے۔ درخواست میں پنجاب اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کے اقدام کو بھی غیر قانونی قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ عمرعطا بندیال نے گزشتہ روزاسپیکررولنگ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران پنجاب اسمبلی کا معاملہ لاہورہائیکورٹ لے جانے کی ہدایت کی تھی۔


