اسلام آباد کے بعد ملک بھر میں پلاسٹک سڑکوں کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد:پلاسٹک سڑکیں سستی اور ماحول دوست،گاڑیوں کے شور سے نجات،اسفالٹ سڑک سے دوگنا عمراور مضبوطی،فضائی آلودگی میں کمی،اسلام آباد کے بعد ملک بھر میں پلاسٹک سڑکوں کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے چیف آف ریسرچ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ پاکستان میں ویسٹ مینجمنٹ انفراسٹرکچر کا فقدان ہے اس لیے سڑکوں کی تعمیر میں فضلہ پلاسٹک کا استعمال سستااور ماحول دوست ہوسکتا ہے۔ .ویلتھ پاک سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی نقطہ نظر اور ماحولیاتی چیلنجوں کے پیش نظر طویل مدت میں اسفالٹ سڑکوں کو پلاسٹک کی سڑکوں سے تبدیل کرنا ایک قابل عمل آپشن ہے۔پلاسٹک کی سڑکیں گاڑیوں کا شور پیدا نہیں کرتیںاور آلودگی میں کمی آتی ہے تاہم پاکستان کو بڑے پیمانے پر پلاسٹک کی سڑکوں کی تعمیر میں تکنیکی رہنمائی اور سرمایہ کاری کی کمی کا سامنا ہے۔فضلہ پلاسٹک کو اسفالٹ موڈیفائر کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے جو نہ صرف سڑک کی زندگی کو بڑھاتا ہے بلکہ اس کے ماحولیاتی اثرات کو بھی کم کرتا ہے۔ اسفالٹ مکسچر میں پلاسٹک کے کچرے کو شامل کرنے کے نتیجے میں انجینئرنگ کی کارکردگی کے پیرامیٹرز میں بہتری آئی ہے۔


