ڈیرہ اللہ یار، فوڈ اتھارٹی کے منافع خوروں پر جرمانے، مضر اشیاءضبط
ڈیرہ اللہ یار (انتخاب نیوز ) ڈیرہ اللہ یار میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے چھاپے کے دوران ملاوٹ شدہ دودھ اور زائد المعیاد مشروبات و گرم مصالحہ جات فروخت ہوتے ہوئے پایا گیا کیبنز پر نشہ آور گٹکا موجود ہونے پر درجنوں دکانداروں پر پانچ سے دس ہزار روپے تک جرمانے کرکے اشیاءضبط کر لی گئیں اسسٹنٹ کمشنر بلال شبیر تحصیلدار امداد حسین مری اور نائب تحصیلدار محمد ظریف گولہ کے ہمراہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے زونل ڈائریکٹر امداد علی ابڑو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر کی مین قومی شاہراہ اوستہ محمد روڈ گوشت مارکیٹ و دیگر کاروباری مراکز پر چھاپے مارے بی ایف اے کے چھاپے کے دوران ملک شاپس پر دستیاب دودھ کا معائنہ کیا گیا تو دودھ میں کہیں 30 تو کہیں 40 فیصد تک پانی موجود پایا گیا بی ایف اے کی ٹیم نے گوشت مشروبات اور گرم مصالحہ جات سمیت بچوں کے کھانے والے چپس بسکٹس و دیگر چیزوں کا بھی معائنہ کیا اکثر دکانوں پر زائد المعیاد مشروبات گرم مصالحہ جات بسکٹس چپس اور دیگر ممنوعہ مصالحہ جات جن میں اجینا موتی چاول میں استعمال ہونے والا رنگ چائینیز اور ایرانی نمک برآمد ہوا تاہم کیبنز پر کھلے عام نشہ آور گٹکا اور دیگر ممنوعہ چیزیں بھی فروخت ہوتے ہوئے پائی گئیں جس پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے درجن سے زائد دکانداروں پر پانچ سے دس ہزار روپے تک جرمانے عائد کیے اور ملاوٹ شدہ دودھ زائد المعیاد مشروبات گرم مصالحہ جات بسکٹس و دیگر چیزیں ضبط کرکے تلف کر دیئے ہیں بی ایف اے ٹیم نے دکانداروں اور دودھ فروشوں کو سختی سے ہدایت کی کہ ملاوٹ شدہ دودھ زائد المعیاد مشروبات گرم مصالحہ جات و دیگر چیزیں فروخت کرنے سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر ان دکانداروں پر پچاس ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ دکانیں سربمہر اور دکان مالک کو چھ ماہ قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے انکا کہنا تھا دکاندار منافع کے چکر میں انسانی جانوں سے کھلواڑ اور مسلمانوں کو حرام چیزیں کھلانے سے گریز کریں کسی بھی چیز میں ملاوٹ اور ناپ تول میں کمی قانوناً جرم ہے۔


