دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے
اسلام آباد:پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج 17 اپریل کو ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے۔اس موقع پر رات بھر مسیحی برادری کی جانب سے مختلف گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ایسٹر کی مناسبت سے بڑے گرجا گھروں میں بڑی تقریبات ہوئیں، جس میں شریک مسیحی مرد و خواتین اور بچوں نے ایسٹر کی خصوصی عبادات کیں، مسیحی برادری کی جانب سے سلامتی، امن اور خوشحالی کی بھی دعائیں کی گئیں۔
ایسٹر کے موقع پر ویٹی کن سٹی میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔عبادات کے علاوہ ایسٹر موسیقی، پھولوں، موم بتیوں، اور چرچ کی گھنٹیاں بجا کر بھی منایا جاتا ہے۔
بہت سے عیسائی ایسٹر سے پہلے کے چالیس دنوں کے دوران روزے رکھتے اور اپنے گناہوں کا اقرار کرتے ہیں۔ یہ عرصہ لینٹ یا روزوں کے چلے کے طور پر مشہور ہے۔ لینٹ قدیم انگریزی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی بہار کے ہیں۔
مسیحی خاندانوں کیلئے آج کا دن فیملی ری یونین کے طور پر بھی ایک یادگار دن سمجھا جاتا ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج ایسٹر کا تہوار روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔


