فورسز نے امن و امان کے نام پر لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی، بلوچستان بار کونسل
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین قاسم علی گاجزئی، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ایوب ترین، ممبران بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور امان اللہ کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں چاغی کے نہتے عوام پر فورسز کی جانب سے فائرنگ اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے فورسز نے امن و امان کے نام پر لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، پرامن مظاہرین پر فائرنگ غیر قانونی عمل ہے۔ بیان میں کہا کہ دنیا کی سب سے بڑے پراجیکٹ ریکوڈک اور سیندک کے عوام روزگار کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، گزشتہ کئی دنوں سے مقامی لوگ فورسز کے تشدد کا شکار ہیں۔ ایک بار پھر چاغی کو لہولہیان کردیا فورسز کی فائرنگ سے ہلاکتیں بھی ہوئی اور متعدد افراد جن میں کمسن بچے بھی شامل ہیں زخمی ہوئے۔ اس المناک انسانیت سوز واقعہ کیخلاف کل بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔


