بے گناہ شہریوں کو فائرنگ کرکے ہلاک و زخمی کرنا ظلم کی انتہا ہے، نیشنل پارٹی
قلات (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی ضلع قلات کے زیر اہتمام چاغی واقعہ کے خلاف احتجاجی ریلی و مظاہرہ کیا گیا ریلی مقامی ریسٹ ہاوس سے ضلعی صدر ستار بلوچ کی قیادت میں نکل کر بازار میں شہید لونگ خان مینگل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے پارٹی کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی اس موقع پر نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ستار بلوچ، جنرل سیکرٹری، کامریڈ ظہور بلوچ، سینئر نائب صدر محمد اقبال محمد حسنی، علی رودینی، نور شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بلوچوں کو آگ میں دھکیلا جارہا ہے ہمارے بارڈرز بند کرکے روزگار کے دروازے بند کئے گئے ہیں لوگ اپنی گزر بسر کیلئے اور بچوں کے پیٹ پالنے کیلئے روزگار کرتے ہیں مگر انہیں نان شبینہ کا محتاج بنایا گیا ہے گزشتہ روز چاغی نوکنڈی و ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے بے گناہ شہریوں کو فائرنگ کرکے ہلاک و زخمی کیا جوکہ ظلم کی انتہا ہے ہماری سرزمین ہم پر ہی تنگ کیا جارہا ہے۔ بچوں، بزرگوں خواتین اور نہتے معصوم نوجوانوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر چنگیز خان اور ہلاکو خان کے ظلم کو بھی شرما دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی خاطر رات کے بارہ بجے عدالتیں کھلتی ہیں مگر ایسے بڑے سانحہ اور انصاف کی خاطر عدالتیں کیوں نہیں کھلتی۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ چاغی واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ آخر میں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


