وزیر اعظم لاپتا افراد کے اہلخانہ کو کرب و اذیت سے نجات دلائیں، نصر اللہ بلوچ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کل کوئٹہ کے ایک روزہ دورے پر تشریف لا رہے ہو اور کل آپ ترقیاتی پیکجیز کا اعلان بھی کروگے لیکن آپ کے علم میں ہوگا کہ بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ ہر دور میں ناانصافی اور ظلم و زیادتی ہوئی ہے جس کا اعتراف آپ کی پارٹی سمیت دیگر برسراقدار پارٹیوں نے کرنے کے بعد بلوچستان کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کی روایت جاری رکھی اور ملکی سلامتی کے نام پر بلوچستان میں طاقت کے استعمال کو جاری رکھا گیا جس کی بنا پر بلوچستان کے لوگوں کے آئین میں دیئے گئے حقوق پامال ہونے کے ساتھ صوبے میں ماورائے آئین اقدامات اٹھائے گئے اور اٹھائے جارہے ہیں۔ بلوچستان میں لوگ بیس بیس سال سے جبری گمشدگی کا شکار ہیں، ان کے اہلخانہ کو انکے حوالے سے کچھ بھی نہیں بتایا جارہا، ان کے بیوی، بچے اور بوڑھے والدین ان کی راہ تک رہے ہیں اور ذہنی کرب و اذیت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیراعظم اب بلوچستان کو پیکجز سے زیادہ بلوچوں کے زخموں پر مرہم لگانے کی ضرورت ہے اس لیے ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ بلوچستان میں آئین کی بالادستی کو یقینی بنانے کے ساتھ بلوچوں کے ساتھ ناروا سلوک اور ماروائے آئین اقدامات کی روک تھام اور لاپتہ افراد کی بازیابی و جبری گمشدگی کے مسئلے کو ملکی قوانین کے تحت حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرکے اہل بلوچستان کو یہ یقین دلائے کہ انکے ساتھ ظلم و زیادتیوں کا ازلہ کیا جائے گا وہ کوئی غیر نہیں وہ بھی اس ملک کے شہری ہیں اور انکے ساتھ بھی ملکی آئین کے تحت برتاﺅ کیا جائے اور انکے احساس محرومی کو ختم کرانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


