امارات طویل مشن پر اپنا خلا نورد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجے گا

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ وہ خلا میں بین الاقوامی اسٹیشن پر اپنا ایک خلانورد بھیجے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ امارات میں خلائی سیکٹر کے لیے ایک نئے سنگ میل کے سلسلے میں ایک نئے سمجھوتے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت طویل مدت یعنی 180 روز کے لیے پہلا عرب خلا نورد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا جائے گا۔ امارات خلا میں طویل المدت مشن بھیجنے والا تاریخ کا 11 واں ملک ہو گا۔ ہمیں امارات کے نوجوانوں پر فخر ہے۔اماراتی خلا نورد 2023 کی پہلی شش ماہی میں اسپیس ایکس کمپنی کے زیر انتظام شٹل کے ذریعے روانہ ہونے والی ٹیم کا حصہ ہو گا۔ یہ شٹل فلوریڈا میں کینیڈی اسپیس اسٹیشن سے روانہ ہو گی۔مذکورہ کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط بدھ کے روز واشنگٹن میں اماراتی سفارت خانے میں ہوئے۔یاد رہے کہ فروری 2021 میں امارات کا انسانوں کے بغیر خلائی مشن "الامل” مریخ کے مدار میں داخل ہوا تھا۔ اس طرح امارات سرخ سیارے تک پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔ستمبر 2019 میں ہزاع المنصوری پہلے اماراتی خلا نورد بن گئے جنہوں نے خلا کا سفر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں