مصر،شمالی سینائے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 18مشتبہ جنگجو ہلاک
قاہرہ:مصر کی وزارت داخلہ نے اتوار کے روز کہا ہے کہ شمالی سینائے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 18مشتبہ جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں جیسا کہ دو روز قبل جان لیوا دھماکے کی ذمہ داری آئی ایس (دولت اسلامیہ) گروپ نے قبول کی تھی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ قومی سلامتی کو بیرالعابد میں ایک گھر میں دہشت گرد عناصر کے چھپے ہونے سے متعلق خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں جہاں وہ جارحانہ کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔وزارت نے کہاکہ ان کی کمین گاہ کونشانہ بنایا گیا اور جھڑپ کے نتیجے میں 18جنگجوؤں کی ہلاکت ہوئی، سیکیورٹی فورسز نے 13خود کار ہتھیار، دو خود کش جیکٹس اور تین دیگر دھماکہ خیز آلات ان کے قبضے سے برآمد کرلئے ہیں۔مصر کی فوج کا جمعرات کو کہنا تھا کہ شمالی سینائے میں بیر العابد کے نزدیک ایک بکتر بند گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایک آفیسر سمیت 10اہلکار ہلاک یا زخمی ہو گئے تھے۔شدت پسند گروپ آئی ایس نے اپنے پروپیگنڈہ چینلز پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔