سول اسپتال کوئٹہ میں تھراسک سرجری وارڈ کی بندش سے متعلق خبروں کی تردید
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ترجمان محکمہ صحت بلوچستان نے سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں تھراسک سرجری وارڈ کی بندش سے متعلق چھپنے والی خبروں کو حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وارڈ کو بند یا غیر فعال نہیں کیا گیا بلکہ روزآنہ کی بنیادوں پر مریضوں کی تعداد کے مطابق یہ آن کال ہے سول اسپتال میں تین پرانی عمارات منہدم ہونی ہیں جس کے لئے محکمہ مواصلات و تعمیرات نے نوٹس جاری کردیا ہے ٹراما سینٹر میں عوام کے غیر معمولی رش کے پیش نظر دستیاب عمارت کا استعمال مریضوں کی تعداد کے پیش نظر کیا جاررہا ہے منگل کو جاری ایک وضاحتی بیان میں ترجمان محکمہ صحت بلوچستان نے کہا کہ سرکاری سطح پر عوام کو بہترین طبی سہولیات اور خدمات کی فراہمی کے لئے اقدامات کو موثر بنایا جارہا ہے اور اس ضمن میں مختلف امراض کے علاج معالجے کے لئے ایسی حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں تھراسک سرجری وارڈ بند نہیں کیا گیا بلکہ ٹراما سینٹر میں مریضوں کی غیر معمولی رش کے پیش نظر طبی سہولیات کی فراہمی کی توسیع کے لئے اقدامات کو موثر بنایا جارہا ہے سول اسپتال میں عمارت اور جگہ کی کمی کا مسئلہ سنگین ہے اور یہ ممکن نہیں کہ کسی عمارت کو کسی ایک مقصد کے لئے مختص کرکے اسے تالے لگا دئیے جائیں اور عوام پریشانی جھیلتے رہیں اس کے علاوہ امراض سینہ کے لئے پچپن کروڑ روپے کی لاگت سے فاطمہ جناح چیسٹ اسپتال میں ایک بلڈنگ موجود ہے اور اسپتال انتظامیہ نے متعلقہ شعبے کے سربراہ و طبی عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ تھراسک سرجری اور امراض سینہ کے مریضوں کو معیاری و بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے لئے حاضری کو یقینی بنائیں ترجمان محکمہ صحت بلوچستان نے کہا کہ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ میں معیاری و بہتر طبی خدمات کی فراہمی کا تسلسل جاری ہے ترجمان سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ نے میڈیا کے ساتھیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی خبر کے اجرا سے قبل اگر دو طرفہ موقف معلوم کرکے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کریں تو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو پریشانی کے بجائے رہنمائی حاصل ہوگی۔


