پی ٹی آئی رہنما اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کیخلاف مقدمہ درج
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کے خلاف گلشن اقبال تھانے میں حساس اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی توہین پر مبنی وال چاکنگ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا، ایس ایچ او گلشن اقبال کی مدعیت میں درج مقدمہ کے متن کے مطابق ایس ایچ او گشت پر تھے کہ گلشن اقبال ایرو کلب گرائونڈ کے قریب پی ٹی آئی کے ایم این اے عالمگیر خان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دیواروں پر مملکت پاکستان، حساس اداروں اور اعلیٰ عدلیہ کی تضحیک پر مبنی تصاویر بنارہے تھے جس کا مقصد اداروں کے افسران، جوانوں میں مایوسی، بددلی اور بے یقینی کے ساتھ عوام میں انتشار پیدا کرنا تھا، پولیس نے مقدمہ نمبر 2022/438 میں دفعات 131/153-19/ 500(A)19/511/341 لگائی ہیں، مقدمہ درج کرنے کے بعد ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لئے لائحہ عمل تشکیل دیدیا گیا۔ یاد رہے کہ جہانگیر خان نے دیوار پر بنائے گئے ترازو کے ایک پلڑے میں پاکستان کا نقشہ بنایا اور دوسرے پلڑے میں ڈالروں کا بنڈل بنانے کے ساتھ اشتعال انگیز تحریر کی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب بھی پولیس عالمگیر خان کے گھر گئی تھی تاہم وہ نہیں ملے تھے۔


