23 ماہ بعد بھی میرے شوہر میر تاج محمد سرپرہ کی کوئی خبر نہیں، اہلیہ صالحہ مری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) 19 جولائی 2020 کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے اپنے ڈرائیور کے ہمراہ لاپتہ ہونے والے میر تاج محمد سرپرہ کو لاپتہ ہوئے 23 ماہ گزر گئے۔ اس حوالے سے ان کی اہلیہ صالحہ مری جو نواب خیر بخش مری کی بھتیجی ہیں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اْن کے شوہر کی گمشدگی نے جیتے جی انھیں اور ان کے بچوں کو مار دیا ہے۔ 23 ماہ گزر گئے، ابھی تک میرے شوہر میر تاج محمد سرپرہ کی کوئی خبر نہیں ہے۔ ہمیں ان کی صحت اور حفاظت کے بارے میں تشویش ہے۔ میرے شوہر پیشے کے اعتبار سے ایک کاروباری آدمی ہیں، ان کا کسی سے کوئی تعلق نہیں، پھر انہیں ناکردہ گناہوں کی سزا کیوں دی جاتی ہے۔ تاج محمد کا تعلق بنیادی طور پر بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ سے ہے۔ بلوچستان یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انھوں نے سرکاری ملازمت نہیں کی بلکہ زمینداری کے علاوہ اپنا کاروبار شروع کیا۔ صالحہ مری نے بتایا ان کا کاروبار چاول اور دیگر کھانے پینے کی اشیا پر مشتمل تھا۔ 55 سالہ تاج محمد کا تعلق بلوچوں کے قبیلے ‘سرپرہ’ سے ہے اور اْن کے چھ بچے ہیں۔ صالحہ مری نے مقتدر حلقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ میرے شوہر کو منظر عام پر لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں