اتحادی حکومت کا اپنی آئینی مدت پوری کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) عمران خان کا مطالبہ مسترد، نہ اسمبلی تحلیل ہوگی نہ وقت سے پہلے الیکشن ہوں گے، اتحادی حکومت مدت پوری کرے گی، اتحادی حکومت نے اپنی آئینی مدت پوری کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اتحادیوں کے اجلاس میں حکومت نے مدت پوری کرنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اتحادی حکومت اس حوالے سے تذبذب کا شکار تھی کہ آیا آئینی مدت پوری کی جائے یا پھر قبل از وقت انتخابات کی طرف جایا جائے لیکن گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں اس حوالے سے متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ اگست 2023ء تک آئینی مدت پوری کی جائے گی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات اتحادی رہنماؤں کے درمیان ہونے والے رابطوں میں فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق مشکل فیصلے کرنے ہیں کیونکہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات مہنگے داموں پر لیکر سستے داموں پر دے رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پچھلے دنوں آصف زرداری کی اہم شخصیت سے ملاقات ہوئی تھی، اہم شخصیت سے ملاقات کے بعد آصف زرداری نے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی تھیں جن میں مشاورت کے بعد حکومت کی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اتحادی حکومت نے اپنی 13 سے 14 ماہ کی مدت پوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کے لیے گورننس کو بہتر کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں