روس کے یوکرین پر حملے کا پتہ ہوتا تو دورہ نہ کرتا، عمران خان

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سابق وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عہدیدار ڈونلنڈ لو نے پاکستان اور ان کی حکومت کے بارے میں جو باتیں کیں، انہیں بداخلاقی کے باعث برطرف کردینا چاہیے۔ عمران خان نے اس انٹرویو کے دوران پاکستان میں امریکہ کے سفارت خانے کی اپوزیشن رہنماؤں اور ان کی حکومت کے ناخوش اراکین سے ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ ان سے جب دورہ روس سے متعلق سوال پوچھا گیا تو عمران خان کا کہنا تھا کہ دورے کی منصوبہ بندی طویل عرصہ قبل کی گئی تھی، ہماری فوج کو روس سے سازوسامان درکار تھا، ہمیں تیل کی ضرورت تھی اور ایک گیس پائپ لاین کا منصوبہ بھی تعطل کا شکار تھا۔ مجھے کیسے معلوم ہو سکتا تھا کہ جس روز میں نے ماسکو میں لینڈ کرنا تھا اسی دن صدر پوٹن نے یوکرین پر حملہ کرنے کا فیصلہ کرنا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے ندامت اس وقت ہوتی اگر صدر پوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد میں وہاں جاتا تو ظاہر ہے مجھے ندامت ہوتی کیونکہ میں مسائل کے فوجی حل میں یقین نہیں رکھتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں