عزیز میمن کے قتل پر سندھ حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے، فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صحافی عزیز میمن کے قتل کے معاملے پر سندھ حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ 3 دن پہلے عزیز میمن کے بھائی سے بات ہوئی تھی، وہ تفتیش سے غیر مطمئن تھے۔انہوں نے کہا کہ جب مبینہ قاتل خود تفتیش کے نگران ہوں تو انصاف کیسے ہو سکتا ہے؟ مقتول ان کو مجرم ٹھہرا کر گیا ہے، اتنی آسانی سے یہ لہو مٹے گا نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے ہی دن شیریں مزاری اور میں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست کی تھی کہ عزیز میمن کے قتل کی تفتیش وفاقی ایجنسی کو کرنی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قتل کے پسِ منظر حقائق کی روشنی میں سندھ پولیس اس کی تفتیش کر ہی نہیں سکتی، آج سندھ پولیس نے جس طرح اس قتل کو طبعی موت قرار دیا ہے وہ قابلِ مذمت ہے۔فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ایسے کیسے خاموش ہو جائیں سندھ کے کرتا دھرتا اتنی آسانی سے اس قتل سے نہیں بچ سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں