ترکی کے شہر استنبول سے داعش کا نیا سربراہ ابوالحسن القریشی گرفتار

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی کے شہر استنبول سے داعش کا نیا سربراہ گرفتار، ابوالحسن القریشی کو فروری میں داعش کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔ ترک حکام کے مطابق ترک صدر کو گرفتاری سے متعلق اطلاع دے دی گئی ہے اور صدر رجب طیب اردگان آنے والے دنوں میں گرفتاری کااعلان کریں گے۔ امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ میں ترک حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ترک سکیورٹی فورسز نے استنبول میں حالیہ سرچ آپریشن میں داعش کے نئے سربراہ ابوالحسن القریشی کو گرفتارکرلیا ہے۔ فروری میں شام میں امریکی آپریشن میں داعش کے سابق سربراہ ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کی ہلاکت کے بعد ابوالحسن القریشی کو نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔ رپورٹ میں ترک حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ترکی کی انسداد دہشت گردی کی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنٹوں نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے اورمعاملے کی حساسیت کی وجہ سے ترک حکام نے گرفتار شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ ایک ترک نیوز ویب سائٹ نے گرفتار شخص کی شناخت ابو الحسن القریشی کے نام سے کی ہے، امریکی میڈیا آزادانہ طور پر گرفتار شخص کی شناخت کی تصدیق نہیں کر سکا ہے۔ ترک حکام کے مطابق ترک صدر کو گرفتاری سے متعلق اطلاع دے دی گئی ہے جس کا اعلان وہ آنے والے دنوں میں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں