یٰسین ملک کو عمر قید کی سزا، بھارتی عدالتی نظام انصاف پر کلنک کا ٹیکہ ہے، ثمینہ زہری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے معروف کشمیری حریت رہنماء یٰسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے عمرقیدکی سزادینے پر شدید غم و غصے اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے حریت رہنما یٰسین ملک کی سزا کی سخت مذمت کرتے ہوئے نام نہاد مقدمے کے ذریعے بھونڈے الزامات میں دوبار عمر قید کی سزا سنائے جانے کو بھارتی عدالتی نظام انصاف پر کلنک کا ٹیکہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاو کی تنظیم سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما کی جان بچانے اور انہیں بھارتی جیل سے رہا کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں مزید کہا کہ نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کئی برسوں سے قید کشمیری حریت پسند رہنما محمد یٰسین ملک کوبھارت کی ایک خصوصی عدالت نے بغاوت، وطن دشمنی اور دہشت گردی کا مجرم قرار دیا تھا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے یٰسین ملک کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یٰسین ملک نے جراء ت اور ہمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں جو سزا دینی ہے دی جائے لیکن وہ کشمیر پر قابض بھارتی سرکار کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور نہ ہی آزادی کے راستے کو کبھی چھوڑیں گے۔ یٰسین ملک سے پہلے بھی بہت سے کشمیری لیڈروں افضل گرو،مقبول بٹ،سید علی شاہ گیلانی سمیت کئی دیگر سرکردہ رہنماؤں پر بھارتی حکومت نے جھوٹے مقدمات قائم کئے اور وہ ان جھوٹے مقدمات کا بہادری سے سامنا کرتے ہوئے جیلوں میں ہی فوت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنما یٰسین ملک نے اپنی ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی کے لئے جدوجہد کی اور اپنی ہر سانس کشمیر کی آزادی کے لئے قربان کی ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ یٰسین ملک پر جیل میں بے پناہ تشدد کیا جارہا ہے جس سے ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔


