نوکریاں دینے والے نے یو ٹرن لے کر لاکھوں لوگوں بیروزگار کردیا، شہباز شریف
مانسہرہ (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرضوں کو اتنا بوجھ ہے کہ شاید ہماری نسلیں بھی یہ قرضے نہ اتار سکیں لیکن ہمیں اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے، ہم نواز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کا مانسہرہ جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ پشاور کو لاہور کی طرح ترقی دلانی ہے تو آپ کو فیصلہ کرنا ہوگا، اس شخص سے نجات حاصل کرنا ہوگی جو انا پرست ہے، جو یوٹرن لیتا ہے، اس کے دور میں مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرتی رہی، غربت میں اضافہ ہوا، ایک اینٹ نہیں لگائی، دو کروڑ نوکریاں دور کی بات ایک نوکری نہیں دی، لاکھوں لوگ بیروزگار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو خیبر پختونخوا کو پنجاب بناؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلو کہ پاکستان تعمیر کرنے والا نواز شریف چاہیے یا عمران خان والا۔ وزیر اعظم نے مانسہرہ کے لیے ایک ارب پیکیج، میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مانسہرہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج سے ڈاکٹر بن کر عوام کی خدمت کریں۔ ان کا کہنا تھا مانسہرہ اور گرد و نواح کے علاقوں کی ترقی اور گلی محلوں کے مسائل کے لیے ایک ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرتا ہوں، اسی طرح ہزارہ کے لیے علیحدہ الیکٹرک کمپنی کا مطالبہ کیا گیا ہے، میں یہاں ہزارہ کی الیکٹرک کمپنی کا اعلان کرتا ہوں جس کے آپ کو بے پناہ فوائد ملیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگلے بجٹ میں نوجوانوں کے لیے، بیٹے، بیٹیوں کے لیے فری لیپ ٹاپ مہیا کریں گے۔


