افغانستان، 13 ہزار 400 سے زائد خاندانوں میں نقد امداد تقسیم

کابل (انتخاب نیوز) افغانستان کے مشرقی صوبہ لوگر میں کل 13ہزار 492 خاندانوں نے نقد امداد وصول کی ہے۔ریاستی وزیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اینڈ ہیومینیٹرین افیئرز کے ریاستی دفتر نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں کہا کہ صوبائی دارالحکومت پلِ عالم اور نواحی ضلعوں محمد آغا اور باراکی باراک میں ہر خاندان نے 7500 افغانی(تقریبا85 امریکی ڈالرز)امدادی رقم وصول کی۔ذرائع کے مطابق ہفتہ کو دی گئی امدادی رقم تقسیم کی گئی نقد امداد کی دوسری قسط تھی۔ایجنسی نے کہا کہ اس کے علاوہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ حکام نے اہم مشرقی صوبے میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ 100 سے زائد خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیا بھی تقسیم کیں۔ان خاندانوں کی شناخت صوبائی حکام اور مقامی امدادی ایجنسیوں کے کئے گئے مشترکہ سروے میں کی گئی تھی۔ایجنسی نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں دور دراز صوبوں میں رہائش پزیر ضرورت مند خاندانوں کو مزید انسانی امداد فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں