معاشرے میں ہراسگی کے بڑھتے واقعات کا تدارک ضروری ہے، صابرہ اسلام
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں صنفی بنیادوں پر ہراسگی کے تدارک اور خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں کام کے مقامات پر سازگار ماحول کی فراہمی کے لئے صوبائی خاتون محتسب سیکرٹریٹ اور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے شعوری آگاہی کی بھرپور ترویج، متاثرین کی قانونی معاونت اور انسداد ہراسگی قوانین پر عمل درآمد پر اتفاق کا اظہار کیا ہے سوموار کو صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام نے ہائیکورٹ آف بلوچستان میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمجید کاکڑ ایڈووکیٹ و دیگر عہدیداروں راشد الرحمن ایڈووکیٹ، منظور بلوچ ایڈووکیٹ سے ملاقات کی اور انسداد ہراسگی آرڈیننس 2016ء پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ملاقات میں معاشرے میں ہراسگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کیلئے ہرسطح پر اقدامات کو موثر بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا اور کثیر الجہتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمجید کاکڑ نے اپنی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے خاتون محتسب صابرہ اسلام کو یقین دلایا گیا کہ بلوچستان میں انسداد ہراسگی قوانین پر عمل درآمد کے لئے وکلاء ہر ممکن تعاون کریں گے اور خاتون محتسب سیکرٹریٹ کو بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے منفی پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائیگی اس کے علاوہ ہراسگی سے متاثرہ افراد کی قانونی معاونت کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کیا جائیگا اور متاثرین کی قانونی معاونت و داد رسی کے لئے اندرون بلوچستان ضلعی سطح پر بھی وکلاء تنظیم بھرپور تعاون کرے گی اس ضمن میں خواتین وکلاء کو بھی کار خیر کے اس مشن میں شامل رکھ کر مطلوب اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائیگا اس موقع پر انسداد ہراسگی قوانین 2016ء سے متعلق شعوری آگاہی کے لئے سیمینار کے انعقاد پر بھی مشاورت کی گئی خاتون محتسب صابرہ اسلام نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے ہراسگی جیسے ناقابل قبول اخلاقی جرائم کی حوصلہ شکنی کے لئے وکلاء کا تعاون باعث اطمینان ہے۔


