پشن میں وارڈ نمبر 25 کے بلدیاتی نتائج دھاندلی سے تبدیل کیے گئے، پشتونخوا میپ
پشین (انتخاب نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن پشین کے وارڈ نمبر 25پر پشتونخوامیپ کے کامیاب امیدوار سید ثناء اللہ آغا کے کامیابی کے نتائج کو دھاندلی کے ذریعے تبدیل کرنے اور پولنگ سٹیشن کے پرائیڈنگ آفیسروں اور عملے کی جانب سے سازش کرکے ان کے بیلٹ پیپرز پر انگلیوں کے نشانات لگانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 29مئی کو پولنگ ختم ہونے کے بعد تین سے چار بار گنتی کی گئی اور اس کے بعد سید ثناء اللہ آغا کو کامیاب قرار دیا گیا اور 16نمبر فارم پر پرائیزیڈنگ آفیسر کے دستخط شدہ نتائج پولنگ ایجنٹ کو دیئے گئے۔ لیکن بعد میں رات کے وقت دوبارہ بیلٹ پیپرزکے تھیلوں کو کھول کر سید ثناء اللہ آغا کے 31ووٹوں کومسترد کرنے کیلئے ان پر انگلیوں کے نشانات لگاکرا سے مسترد/ضائع کیئے گئے اور آج دوبارہ گنتی میں پولنگ آفیسروں اور عملے کی یہ دھاندلی سرعام ثابت ہوچکی ہے جبکہ 29مئی کے نتائج کے مطابق سید ثناء اللہ آغا کامیاب قرار دیئے گئے تھے اور الیکشن کمیشن نے پہلے نتائج میں اس کو کامیاب قرار دیا تھا جبکہ پولنگ سٹیشن کے پرائیزیڈنگ آفیسر نے مسترد ووٹوں کے بارے میں امیدواروں کو علیحدہ لکھ کر دیا تھاکہ صرف 14ووٹ مسترد ہوگئے ہیں اور اس کے باوجود سید ثناء اللہ آغا کامیاب ہوئے تھے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدر محمد عیسیٰ روشان، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری علی محمد کلیوال نے ڈپٹی کمشنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پشتونخوامیپ کے کارکنوں نے پارٹی دفتر سے جلوس نکال کر ڈی سی ہاؤس کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور احتجاجی دھرنا دیا۔ اور دو گھنٹے دھرنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر پشین نے آکر مذاکرات کیئے جس کے بعد دھرنا ختم کیا گیا اور کل صبح 10بجے پھر احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ دھاندلی میں ملوث آفیسروں اور پولنگ عملے کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور سید ثناء اللہ آغاکی کامیابی کے اعلان کو برقرار رکھتے انہیں کامیاب قرار دیا جائے۔


