سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے پروپیگنڈہ برداشت نہیں کیا جائیگا، پرویز اشرف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 71سالہ اسٹرٹیجک تعلقات ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو چین پاکستان تعلقات کے معمار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے دورے کئے اور مارچ 2013میں گوادر پورٹ کو چین کے تعاون سے آپریشنلائز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اب تک سی پیک کے ذریعے درجنوں انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے چین نے پاکستان کے بہتر مستقبل کی تعمیر کی صلاحیت کو اعتماد کا ووٹ دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے دلچسپی لے رہی ہے اور اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے جس سے بالخصوص بلوچستان اور بالعموم پورے میں سی پیک منصوبوں کے ذریعے خوشحالی آئیگی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ، میڈیا کی بھی ذمہ داری وہ سی پیک کے حوالے سے جعلی خبروں کو جگہ نہ دے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ کو ایک دوسرے سے مثبت خبروں کا تبادلہ کرنا چاہیے تاکہ سی پیک کے حوالے سے غلط خبروں اور پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرسکیں۔


