دو سالہ پابندیوں کے بعد سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد کا آغاز

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں دو سال کی پابندیوں کے بعد غیرملکی عازمین حج کی آمد کا آغاز ہو گیا۔ ہفتے کو پہلی غیر ملکی پرواز مدینہ ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ دو برس سے حج کے لیے عازمین کو صرف سعودی عرب کی حدود تک محدود رکھا گیا تھا مگر رواں سال حج کے لیے بیرونِ ملک سے بھی عازمین کو آنے کی اجازت ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ انڈونیشیاسے عازمین کا گروپ مدینہ پہنچا ہے جو آئندہ ہفتوں میں حج کے لیے مکہ روانہ ہوگا۔ سعودی وزارت حج سے وابستہ محمد البجاوی نے سرکاری چینل الاخباریہ کو بتایا کہ آج انڈونیشیا سے عازمین کا پہلا گروپ پہنچا ہے اور ملائیشیا اور بھارت سے پروازیں پہنچنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے دو سال کے تعطل کے بعد آج ہم سعودی عرب کے باہر سے اللہ کے مہمانوں کا استقبال کرکے بہت خوش ہیں۔ ان کے بقول سعودی عرب ان عازمین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں