بلوچی نڑ سر اور منگولین تھروٹ سنگنگ کا تاریخی ملاپ، حیدر علی بلوچ کی بین الاقوامی تقریب میں فارفورمنس

کوئٹہ( آئی این پی )وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت اور محکمہ ثقافت حکومتِ بلوچستان کی معاونت سے صوبے کے معروف روایتی فنکار حیدر علی بلوچ نے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے یورپ میں منعقدہ تھروٹ سنگنگ ڈے کی بین الاقوامی تقریب کے موقع پر بلوچستان کے قدیم اور نایاب فن نڑ سر کا سحر انگیز مظاہرہ پیش کیا۔اپنے اس پہلے یورپی دورے کے دوران حیدر علی بلوچ نے منگولیا کے عالمی شہرت یافتہ تھروٹ سنگرز کے ساتھ مل کر ایک بے مثال اور تاریخی مشترکہ پیشکش کی۔ اس مظاہرے میں بلوچی نڑ سر اور منگولین گائیکی کے صدیوں پرانے انداز کو ایک ہی اسٹیج پر یکجا کیا گیا جسے عالمی سامعین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس تاریخی موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ثقافتی سفارت کاری ہمارے عظیم ورثے کی حفاظت اور دنیا بھر میں بلوچستان کا پروقار امیج اجاگر کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ حیدر علی بلوچ کی یہ بین الاقوامی پیشکش ہماری موسیقی کے شاندار تنوع اور فنکاروں کو عالمی سطح پر سراہنے کے ہمارے عزم کی عکاس ہے۔محکمہ ثقافت حکومتِ بلوچستان کے مطابق اس پیشکش کا بنیادی مقصد معدوم ہوتے ہوئے لوک فنون کی تجدید، بین الاقوامی سطح پر بلوچ ثقافت کی ترویج اور مقامی اساتذہ کو عالمی پلیٹ فارمز پر مواقع فراہم کرنا ہے۔ بلوچستان کا یہ نایاب فن گلے کی گہرائی اور سانس کے منفرد کنٹرول کے ذریعے مخصوص مدھر آوازیں پیدا کرنے کے لیے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں