بلوچستان اسمبلی میں کیسکو کیخلاف قائد حزب اختلاف کی قرار داد منظور
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستا ن اسمبلی اجلاس میں کیسکو کی جانب سے اراکین اسمبلی کو پریشان کیا جارہاہے قائد حزب اختلاف ملک سکندر کی قرار داد کو منظور کرلیا گیا جبکہ پشتونخوا میپ کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے کی جانب سے پی ٹی وی سٹیشن کے تمام قومی زبانون پشتو، بلوچی، براہوئی، ہزارگی اور دیگر پروگرام نئے ڈرامے او رنئے سٹیج پروگرام مکمل طو رپر بند کردیئے گئے ہیں اس کیلئے فنڈز کی اجراء کی جائے قرار داد کو منظور کرلیا گیا اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے ایوان میں قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ انرجی حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کو بجلی کی فراہمی کی ذمہ دار ہے۔ جبکہ محکمہ انرجی عملاً سروے، تخمینہ اور کام مکمل کرنے کی تمام کارروائی کیسکو کے ذریعے کرتا ہے۔ کیسکو کے اعلیٰ حکام اور عملہ سروے او رپی سی ون بنانے میں لیت و لعل اور اراکین بلوچستان اسمبلی کو مختلف طریقوں سے پریشان کرتے ہیں۔ محکمہ انرجی کی جانب سے بروقت سکیم کی لاگت کا چیک کیسکو کو فراہم کرنے کے باوجود کئی ماہ تک نہ تو وہ بجلی کی سکیمز شروع کرتے ہیں اور نہ ہی ٹرانسفارمرفراہم کرتے ہیں جس کی وجہ سے اراکین اسمبلی بار بار کیسکو کے دفاتر کا چکرلگاتے ہیں۔ ان کے اس عمل سے صوبے کے عوام کو بجلی کی عدم فراہمی کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ وہ سکیم بھی متاثر ہوجاتی ہے۔ کیسکو حکام جان بوجھ کر بجلی کی سکیمز پر عملدرآمد میں تاخیر کرتے ہیں اور محکمہ انرجی کی جانب سے بھیجے گئے فنڈز کی رقم اپنے پاس رکھتے ہیں اور چھ ماہ کی تاخیر کے بعد مطالبہ کرتے ہیں کہ چونکہ جس فنڈ میں سکیم بننی تھی اب ٹرانسفارمر، پول، تار مہنگے ہوگئے ہیں اس لئے اس سکیم پر نظر ثانی کرکے نئی سکیم بنائی جائے بہ ایں وجہ 2019-20کے بجلی سکیمز تاحال مکمل نہیں ہوئے۔ چونکہ پی ایچ ای اور محکمہ انرجی میں الیکٹریکل انجینئرز موجود ہیں لہٰذا صوبائی حکومت فی الفور صوبہ بھر میں بجلی کی فراہمی سے متعلق محکمہ انرجی اور محکمہ پی ایچ ای کے الیکٹریکل انجینئرز کے ذریعے بجلی کی سکیمات کے سروے، پی سی ون بنانے کے عمل کو شروع کرنے اور بجلی کے تمام پراجیکٹ خود مکمل کرنے کو یقینی بنانے کی بات عملی اقدامات اٹھائیں اور سکیم کی تکمیل پر بجلی کے میٹرز کی تنصیب کیسکو سے کرانے کے بعد چارج کیسکو کے حوالے کیا جائے۔ بعدازاں چیئر مین قادر علی نائل نے قرار داد منظورکرنے کی رولنگ دیتے ہوئے اجلاس منگل سات جون تک ملتوی کردیا۔


