کیسکوکی نادہندگان کیخلاف کوئٹہ،سبی،خضدار اور پشین سرکل میں مزید کارروائی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے مختلف سرکلزمیں ریکوری مہم اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری۔ اس سلسلے میں کیسکوخضدار سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر نے بجلی بلوں کے بقایاجات کی ادائیگی کے سلسلے میں ڈی پی او اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای)قلات کے حکام سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈ ی پی اواورمحکمہ پی ایچ ای قلات کے حکام نے کیسکوکوبقایاجات کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی۔اسی طرح ڈپٹی کمشنرپشین کے دفترمیں تمام سرکاری اداروں کے سربراہان کاایک اجلاس منعقد ہواجس میں کیسکوکے بقایاجات کے حوالے سے گفتگوہوئی۔بعدازاں کیسکوپشین سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر کو بجلی بلوں کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے یقین دہانی کرائی گئی۔ علاوہ ازیں تمام آپریشن سرکلز کے ریونیو افسران نے اپنے متعلقہ علاقوں میں سرکاری اداروں کے حکام سے بلوں کی ادائیگی کے سلسلے میں ملاقاتیں کیں۔ نادہندگان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے کیسکوسینٹرل سرکل کوئٹہ کی ٹیموں نے محکمہ ایف بی آرسے بقایاجات کی مدمیں 26لاکھ روپے وصول کرلئے جبکہ سبی سرکل کیسکوکے اوستہ محمد سب ڈویژن نے بھی 11kvخان پور اور اوستہ محمدفیڈروں پر نادہندگان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کرلئے۔ کیسکوپشین سرکل کی ٹیموں نے نادہندگان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے چمن، یارو، خانوزئی،علی زئی کے علاقوں سے بلوں کی عدم ادائیگی پر70سے زائد نادہندگان کے برقی کنکشنزمنقطع کردئیے گئے۔ اس کے علاوہ کیسکوخضدارسرکل میں کانک سب ڈویژن نے زرعی نادہندگان کے 4ٹرانسفارمرز عدم ادائیگی پر اُتاردئیے۔ واضح رہے کہ نادہندگان کے خلاف بقایاجات کی وصولی کے سلسلے میں کیسکوکی کارروائی صوبہ بھرمیں بلاتفریق جاری ہے لہٰذا تمام صارفین اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی فوری طورپرجمع کرائیں بصورت دیگر کیسکوکی ٹیمیں اُ ن کے کنکشنز بلاتاخیر منقطع کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں