روس کے زیر قبضہ یوکرین میں زیرحراست تین غیر ملکی جنگجوؤں کو پھانسی کی سزا
ماسکو:روس کے زیر قبضہ یوکرین میں زیرحراست تین غیرملکی جنگجوں کو پھانسی کی سزا سنا دی گئی۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دو برطانوی اور ایک مراکش سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کو یوکرین کے لیے لڑتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد ماسکو کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندریجن ڈونیسک کی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی۔ روس کے زیر کنٹرول مشرقی یوکرین کی عدالت نے 28 سالہ برطانوی شہری ایڈن اسلن، 48 سالہ شان پنر اور مراکش کے براہیم سعودن کو دہشت گردی کے الزام میں مجرم قرار دیا۔ دونوں برطانوی شہریوں نے کہا کہ ہم یوکرین کی فوج میں بحیثیت سپاہی خدمات انجام دے رہے تھے اس لیے جنگی قیدیوں سے متعلق جنیوا کنونشن کے تحت ہمیں تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔ ان تینوں مجرموں کو اپنی سزا کے خلاف اپیل کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت ملے گا اور اگر اپیل منظور کر لی جاتی ہے تو انہیں سزائے موت کے بجائے عمر قید یا 25 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔


