مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، نااہل حکمران کے پاس غریب عوام کا درد نہیں، مولانا لونی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) جمعیت علماء اسلام نظریاتی بلوچستان کے امیر مولانا لونی صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا حافظ عبدالاحد کبدانی نے کہا کہ عوام مہنگائی کیخلاف آج 23 جون احتجاجی ریلی اور جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں، ملک ظالمانہ پالیسیوں سے معاشی طور پر دیوالیہ ہو رہا ہے ملک دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے میدان میں نکل جائے حکمرانوں نے دو سے تین گنا ہوشربا اضافہ سے قوم کا جو حشر کیا ہے تاریخ میں اس مہنگائی کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، طاقت کے ایوانوں میں سنائی نہیں دیا جارہا ہے، غریب مکاؤ پالیسی ملک میں محنت کش اورمزدورں کے لئے دووقت کی روٹی کا حصول مشکل ہوچکا ہے، مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران کے پاس غریب عوام کا درد نہیں صرف اپنی نسلوں کے لیے تجوریاں بھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام 23 جون کو نکل کر اس غریب مکاؤ پالیسیوں کو مسترد کریں، ملک کی معاشی پالیسیاں اس وقت مکمل امریکہ کے ہاتھوں میں ہیں، غریب عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی، یہاں تک کہ عوام خودکشیوں اور بچے برائے فروخت کررہے ہیں۔ آج 23 جون مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی وجلسہ عام میں عوام، تاجر، ٹرانسپورٹرز، ملازمین بھرپور شرکت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں