امریکی بحریہ اور ایرانی پاسداران کی بحری کشتیوں کا آبنائے ہرمز میں آمنا سامنا
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی بحریہ اور ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی بحری کشتیوں کا آبنائے ہرمز میں آمنا سامنا ہونے کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی نیوی کے مشرق وسطی میں تعینات 5ویں فلیٹ نے بتایاکہ یو ایس ایس سروکواور یو ایس این ایس چوکٹا کاؤنٹی کے آبنائے ہرمز سے گزرنے کے دوران پاسدران انقلاب کی 3 کشتیوں نے غیر محفوظ اور غیر پیشہ ورانہ انداز میں سامنا کیا۔امریکی بحریہ کے مطابق ایک ایرانی کشتی نے سروکوجہاز کی طرف رخ کر کے تیزی سے قریب آنے کی کوشش کی اور آخری لمحات میں اپنی سمت بدل لی۔ سروکو کے عملے نے اس کشتی کو قریب آنے پر روشنی کے گولے داغ کر خبردار بھی کیا۔ایرانی حکام نے فوری طور پر اس واقعہ پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔ یاد رہے کہ آبنائے ہرمز سے دنیا بھر کی تیل تجارت کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔یہ واقعہ ایسے موقع پر پیش آیا ہے کہ جب عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں جبکہ تہران کے جوہری پروگرام میں یورینیم کی افزودگی کا تسلسل سے جاری ہے۔


