مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا، شیری رحمن
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اب بھی سڑکوں پرآنے، ملک کو جلانے کے لئے تیار ہے۔ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ اگر یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے تو اس مشکل بجٹ کے ساتھ ہمیں کون باندھ گیا، جنہوں نے کشکول توڑنے کی بات کی انہوں نے کیا کیا؟ یہ سب کچھ ان کی انا اور انتقامی سیاست کی وجہ سے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اپنی انا سے ہٹ جائے تو پھر مشکل فیصلے ہوسکتے ہیں، ملک کو دیوالیہ تک لا کر کھڑا کردیا گیا تھا، اگر مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی معیشت کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے تھے، تباہی اور احتساب سرکار 100 دن میں انقلاب لانے آئی تھی۔شیری رحمن نے کہا کہ ان کی تقسیم اور انا کی سیاست سے مسئلہ ہوا، جو بوجھ پڑا سب کو نظر آرہا ہے، اس کی وجہ سے مشکل فیصلے کرنے پڑے۔


