پاکستانی عازمین موسمی حالات کے پیش نظر کھانے، پینے اور آرام کا خیال رکھیں، ڈائریکٹر حج مکہ

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈائریکٹر حج مکہ المکرمہ ساجد منظور اسدی نے کہا ہے کہ تمام پاکستان عازمین حج مکہ مکرمہ کے موسمی حالات کو مدنظر رکھتے پانی کا استعمال زیادہ کریں، کھانا وقت پر کھائیں اور اپنے آرام کا خاص خیال رکھیں تاکہ آئندہ مناسک حج کی ادائیگی کے لئے وہ خود کو چاک و چوبند رکھ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج میڈیکل مشن کی رپورٹ کے مطابق وہاں صرف لوگ تھکاوٹ اور پٹھوں کی کھنچاؤ کی شکایت کے ساتھ آرہے ہیں۔ گیسٹرو کا کوئی مریض ابھی تک سامنے نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ خوراک کی وجہ سے بدہضمی کا ابھی تک کوئی کیس اسپتال میں رپورٹ نہیں ہوا کیونکہ کھانے کی تیاری کی سخت نگرانی کا نظام وضح کیا گیا ہے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانا تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عازمین حج سے خصوصی طور پر گزارش کی کہ یہاں گرمی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے پانی کا استعمال زیادہ کریں، کھانا وقت پر کھائیں اور اپنے آرام کا خاص خیال رکھیں تاکہ حج کے لازمی ایام کے دوران مناسک حج کی ادائیگی کے لئے خود کو تازہ دم رکھ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں