سندھ کے 14اضلاع میں صرف تماشا ہوا،پی ٹی آئی

کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں صرف تماشا ہوا، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعتیں بھی انگلی اٹھارہی ہیں۔اتوار کو سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور علی زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم میں بلاول اور مراد علی شاہ کا جلسہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی، سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا، کیا الیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس جاری کئے؟۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم واپس آنا چاہے تو خوش آمدید کہیں گے۔سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران وفاقی وزیر اور وزیر اعلی کا جلسہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی، ہم ڈیڑھ ماہ سے الیکشن میں ہونے والی زیادتیوں پر بیانات دیتے رہے، الیکشن مہم میں سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا گیا، سندھ میں الیکشن مہم کے دوران ریاستی دہشتگردی دیکھی گئی، زرداری مافیا نے ہمارے خلاف پولیس کو استعمال اور ہمارے امیدواروں کو اغوا کیا، انہیں ڈرا دھمکا کر دستبردار ہونے کو کہا گیا، امیدواروں کے علاوہ تجویز و تائید کنندہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔علی زیدی نے کہا کہ زرداری مافیا کے خلاف امیدواروں پہ گولیاں بھی چلی، ہمارے کئی امیدواروں کو عدالت سے رجوع کرنا پڑا، کیا ریاستی مشینری کا کھلا استعمال الیکشن کمیشن کو نظر نہیں آیا؟ ہمارے امیدواروں نے زبردست حوصلے کا مظاہرہ کیا، یہ الیکشن نہیں بلکہ مافیا کے خلاف جہاد ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہونی تھی، سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا، اسکے باوجود ہم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، ہائی کورٹ سے فیصلہ نہیں آیا، اب ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام اداروں کو یاد دلاتا ہوں کہ انتخابی عمل صاف و شفاف اور پر امن رکھنا آپ کی ذمہ داری ہے، خدا نخواستہ اگر حالات خراب ہوئے تو اسکے ذمہ دار زرداری مافیا، سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں