اداکار رابرٹ پیٹنسن دنیا کے سب سے پرکشش انسان قرار
لندن (این این آئی) برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کو دنیا کا سب سے پرکشش انسان قرار دے دیا گیا ہے۔برطانوی پبلشر لاڈ بائبل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اداکار رابرٹ پیٹنسن خوبصورتی کی سائنسی پیمائش کے حساب سے اس زمین پر سب سے پرکشش انسان ہیں۔رابرٹ پیٹنسن کو دنیا کے سب سے پرکشش انسان ہونے کا لقب ریان گوسلنگ، ادریس ایلبا، بریڈ پٹ اور ہنری کیول جیسے اداکاروں کے چہرے کی مختلف خصوصیات کا تجزیہ کرنے کے بعد دیا گیا ہے۔ رابرٹ پیٹنسن کو 2020میں بھی سائنس کے مطابق دنیا کا پرکشش ترین آدمی قرار دیا گیا تھا۔ اداکار کی خوبصورتی کا اندازہ قدیم یونانی حساب کے طریقہ کار، بیوٹی فائی کا گولڈن ریشیو استعمال کرتے ہوئے کیا گیا جسے تاریخی طور پر جسمانی کمال کی پیمائش کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ بیوٹی فائی کا گولڈن ریشیو کے حوالے سے یہ کہا جاتا ہے کہ یہ یورپ کے نشا ثانیہ کے دور میں شروع ہوا تھا۔رپورٹ کے مطابق، یہ حساب بنیادی طور پر معماروں اور فنکاروں جیسے کہ لیونارڈو ڈاونچی نے اپنی فنکارانہ تخلیقات کے لیے کامل لمبائی اور چوڑائی کا نقشہ بنانے اور پیمائش کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔جدید دور میں بھی اسی فارمولے کو خوبصورتی کے معیار کی پیمائش کرنے اور اس بات کا تعین کرنے کیلئے اپنایا گیا ہے کہ کسی شخص کی جسمانی خصوصیات کتنی پرفیکٹ ہیں۔خوبصورتی کا عنصر چہرے کی ہم آہنگی اور تناسب پر بھی انحصار کرتا ہے اور یہ ان عوامل سے متاثر ہوتا ہے جیسے کہ آیا کان کی لمبائی ناک کی لمبائی کے برابر ہے یا آنکھ کی چوڑائی آنکھوں کے درمیان فاصلے کے برابر ہے یا نہیں۔