محکمہ فشریز کی سرپرستی میں ممنوعہ جالوں کے استعمال پر پابندی لگائی جائے، نیشنل پارٹی
لسبیلہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کی طرف سے ممنوعہ جالوں کیخلاف وندر سے ڈام بندر تک ریلی نکالی گئی، ڈام بندر میں فشریز بی سی ڈی اے آفس کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کامریڈ محمد سلیم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سونمیانی ھور مچھلیوں کی قدرتی ہیچری ہے اور جون جولائی میں سمندری حیات کے انڈے اور بچے دینے کا ٹائم ہوتاہے جسکی وجہ سے فشریز رولز کے مطابق ان دوماہ میں فشنگ پر قانونی پابندی ہوتی ہے مگر اس سیزن میں بھی غیر قانونی جال استعمال کئے جارہے ہیں اور محکمہ فشریز کی سرپرستی میں آبی حیات کی نسل کشی ہورہی ہے اس کو فوری طور پر بند کیاجائے اور نیشنل پارٹی غیرقانونی جال کیخلاف ہر فورم پر احتجاج کریگی۔ احتجاج ریکارڈ کرنے کے بعد جیسے ہی ضلعی جنرل سیکرٹری کامریڈ سلیم بلوچ کی سربراہی میں واپس جانے کی تیاری کررہے تھے کہ اچانک وائرنیٹ مافیا کے لوگوں نے ڈام پولیس چوکی کے سامنے نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری پر حملہ کرنے کی کوشش کی کارکنوں نے انہیں اپنے حصار میں لے لیا۔ اس دوران نیشنل پارٹی کارکن حاجی غلام حسین رند، رمضان مگسی، علی گوہر رند، ادینک بلوچ، عبدالواحد بلوچ، سمیت دیگر کارکن زخمی ہوگئے جس پر نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے پولیس تھانہ وندر کے سامنے دھرنا دیا اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ حملہ کی خبر ملتے ہی حب اوتھل بیلہ گوادر کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے شدید احتجاج کیا جس پر وندر پولیس نے حملہ آوروں کو لاک اپ کردیا بعد ازاں نیشنل پارٹی کے دوستوں نے احتجاج ختم کردیا جبکہ صوبائی نائب صدر خورشید علی رند، سینٹرل کمیٹی ممبر نظام رند بھی وندر پہنچ گئے اور دھرنے میں شرکت کی مرکزی رہنماء واجہ رجب علی رند صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ سیکرٹری فشریز آدم قادربخش سب نے واقع کی شدید مذمت کی اور کارکنوں کی خیریت دریافت کی۔


