اسلامو فوبیا کے حوالے سے مضبوط موقف اپنانے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،عبد الخبیرآزاد

لاہور(انتخاب نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے مضبوط موقف اپنانے کیلئے سبھی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی لاہور میں چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی سے ملاقات ہوئی ہے۔مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے ملاقات میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو جامعہ نعیمیہ جا کر نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ملاقات میں دونوں شخصیات نے قرآن مجید کی تعلیمات سے عام آدمی کو روشناس کرانے کے حوالے سے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دوران ملاقات محرم الحرام 1444 ھ کے دوران پائیدار بنیادوں پر قیام امن کے لئے تمام مسالک کے علما مشائخ سے رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین المسلمین اور بین المذاہب کم آہنگی کے فروغ کے لیے دین اسلام کی تعلیمات سرچشمہ ہدایات ہیں، ہمیں ہر صورت ان پر عمل پیرا ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا سافٹ تشخص ابھارنے اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے مضبوط موقف اپنانے کے لیے سبھی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سید عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ قرآن مجید میں دنیا اور آخرت سنوارنے کے لئے راہنمائی موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم قرآن مجید کو ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھیں۔دوسری جانب ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا۔ غلطیوں سے پاک اور اچھے گرام کے کاغذ پر قرآن مجید کی طباعت اولین ترجیح، اس کے لئے قرآن مجید کے پبلشرز کو آن بورڈ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سے مشاورت اور راہنمائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں