کوئٹہ، طوفانی بارشوں کے باعث 6افراد جاں بحق 13زخمی

کوئٹہ: کوئٹہ میں طوفانی بارشوں کے باعث 6افراد جاں بحق جبکہ 13زخمی ہوگئے،شہرکا بڑا حصہ بجلی کے بڑے بریک ڈاون کے باعث تاریکی میں ڈوب گیا،شہرکی سڑکیں ندی نالوں کامنظر پیش کرتی رہیں سینکڑوں مکانات مہندم ہوگئے۔صوبائی وزیرداخلہ میرضیاء لانگو کے مطابق کوئٹہ میں پیر کو ہونے والی مون سون کی بارش کے باعث 6افرادجاں بحق جبکہ 13زخمی ہوئے ہیں محکمہ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر ڈیم میں 2بچیوں کے ڈوبنے کی اطلاع بھی موصول ہوئی تاہم رات گئے تک پی ڈی ایم اے کے غوطہ خور جائے وقوعہ پرنہیں پہنچ سکے دوسری جانب پیر کو ہونے والی بارش کے باعث کوئٹہ شہر کے 33فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث شہر کا بڑاحصہ تاریکی میں ڈوب گیا 10گھنٹے کے طویل بریک ڈاون کی وجہ سے شہریوں کو بارش میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا کیسکو (واپڈا) متاثرہ فیڈروں کو رات گئے تک بحال کرنے میں ناکام رہا۔ترجمان کیسکو کے مطابق شہرکے 22فیڈرٹرپ جبکہ 11فیڈر حفاظتی طور پر بندکئے گئے ہیں کوئٹہ میں بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کامنظرپیش کرتی رہیں بارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہونے کے باعث سینکڑوں مکانات مہندم ہوگئے شہر کے نواحی علاقے سریاب،مشرقی بائی پاس،ہزارگنجی، شیخ ماندہ اورملحقہ علاقوں میں کچی آبادیاں ہونے کے باعث جانی و مالی نقصانات ہوئے ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ شہر کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی فاروق عبداللہ کو کنٹرول روم کا فوکل پرسن مقررکیا گیا ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم سے چوبیس گھنٹے رابطہ کرسکتے ہیں۔صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ اوردیگرعملے کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور جہا ں جہاں بارشوں کے باعث نقصانات ہوئے ہیں متاثرین کی امداد کی جائے اورانہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔انہوں نے کوئٹہ میں بارشوں کے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پرافسوس کااظہارکیا ہے۔کوئٹہ میں بارش کے بعد ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن جباربلوچ اورڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں جاری امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں