بلوچستان میں بارش، دریائے کیچ میں 2 بچے ڈوب کر جاں بحق

کیچ(انتخاب نیوز)بلوچستان کے مشرقی اور ساحلی علاقوں میں بارش کے باعث مختلف نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ دریائے کیچ میں 2 بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر بشیر بڑیچ نے بتایا ہے کہ ہرنائی، کوہلو، صحبت پور ، ہیرونک، سمی، شاپوک اور تربت شہر میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ۔ان کا کہنا ہے کہ ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث کئی خاندانوں میں سوگ کی فضا قائم ہے۔دریائے کیچ میں 2 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں، جس کے بعد ضلع کیچ میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی ۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں تربت کے میرانی ڈیم میں پانی کے ذخیرے کا لیول 249 فٹ تک پہنچ گیا جبکہ اسپیل وے کی گنجائش 224 فٹ کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میرانی ڈیم کے اسپیل وے سے اضافی پانی کا اخراج شروع کر دیا گیا ، جلد پانی کے ذخیرے کو محفوظ لیول تک لے آئیں گے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سبی کے قریب دریائے ناڑی میں 22ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے جبکہ شمالی بلوچستان میں ریسکیو کے بعد ریلیف کی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمال مشرقی اور وسطی اضلاع سمیت تربت، آواران، پنجگور، جیوانی، گوادر میں بھی تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔سبی، ہرنائی، نصیر آباد، خضدار، قلات، لسبیلہ، بارکھان اور مکران میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں