شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، ضیا لانگو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) صوبائی مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے پی ڈی ایم ایویئر ہاؤس کا دورہ کیا ہے جہاں پر انہوں نے حالیہ بارشوں میں ہونے والے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی اسپیکر بابر موسی خیل اور نوابزادہ سردار رند بھی موجود تھے اس موقع پر محکمہ پی ڈی ایم اے ڈائریکٹر فصیل طارق نے حالیہ بارشوں کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی جس پر صوبائی مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت کی روشنی میں صوبے کے ان تمام اضلاع میں ایسے علاقے جہاں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے وہاں ریلیف سرگرمیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اورشدید بارشوں میں شہریوں کو بجلی کے کھمبوں، تاروں اور گٹروں سے بچانے کیلئے انتظامیہ کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں۔ مشیر پی ڈی ایم اے نے کہاکہ مون سون سیزن میں شہریوں کی بروقت مدد اور جان و مال کی حفاظت کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اورچیک پوسٹوں پرموٹر بوٹس کے ذریعے پٹرولنگ کا عمل جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ سیلاب کے خطرے کی اطلاع دینے والے اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن جاری رکھی جائے تاکہ ایمر جنسی صورتحال میں بروقت اقدامات لینے میں کوئی تاخیر نہ ہوسکے۔ دریں اثناء صوبائی مشیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے دالبندین کے رہائشی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ صوبائی مشیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات دی کہ معاملے کی تفتیش کو جلد مکمل کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔صوبائی مشیر داخلہ نے متعلقہ افسران کو دالبندین کے رہائشی سے فوری رابطہ کرنے کا حکم دیاہے۔


