بلوچستان کے مزدوروں اور کان کنوں کے مسائل کا ادراک ہے، ساجد حسین طوری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری سے بلوچستان صوبائی وزیر لیبر و مین پاور نوابزادہ گہرام بگٹی نے ملاقات کی۔ سیکرٹری ویلفیئربورڈ بلوچستان و سیکرٹری فنڈز بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کے کان کنوں و صنعتی مزدوروں کے مسائل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں کان کنوں اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف وسائل بروئے کار لانے پر اتفاق اورکہاگیاکہ وفاقی اور صوبائی وزارتیں مل بیٹھ کر کان کنوں اور مزدوروں کے تمام مسائل حل کریں گی، وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہاکہ بلوچستان کے مزدوروں، کان کنوں اور دیہاڑی دارطبقے کے مسائل کا ادراک ہے، مزدور کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کرینگے، مزدور قوم کے معمار ہوتے ہیں، مزدوروں کی صحت، بچوں کی تعلیم اور دیگر ضروریات کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، نوابزادہ گہرام بگٹی نے کہاکہ مکمل تعاون کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر ساجد طوری کے مشکور ہیں، محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ کوشاں ہیں، وفاقی وزیر ساجد طوری صوبائی وزیر گہرام بگٹی کی دعوت پر جلد بلوچستان کا دورہ کرینگے۔


