لسبیلہ، حب، اوتھل سمیت دیگر علاقوں میں اشیاء خورونوش سستی نہ ہوسکیں

حب (نمائندہ خصوصی) ملک بھر کی طرح لسبیلہ،حب،اوتھل،لاکھڑا،وندر،سونمیانی،گڈانی ساکران لسبیلہ بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیاء خوردنوش سستی نہ ہوسکیں تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں حکومت پاکستان کی جانب سے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کئی گئی تھی جوکہ حکومت پاکستان کی جانب سے عوام کو ریلیف دیاگیاتھامگر افسوس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچ سکیں اور اشیاء خورونوش سبزیاں، دودھ، دہی، دالیں، چاول، آٹا، کونگ آئل، چینی و دیگر اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی نظر آرہی ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہمیں کہیں نظر نہیں آرہی، یا پھر حب انتظامیہ پرائس کنٹرول کمیٹی غیر فعال ہوچکی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اضافہ کیا جاتا ہے تو کل صبح ہوتے ہی اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے اور گاہک کے پو چھنے پر بتایا جاتا ہے کہ رات پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ہم نے بھی مجبوراً اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، اب دکانداروں کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کیوں نظر نہیں آرہی ہے یا پھر یہ کہنا مناسب ہوگا کہ حب انتظامیہ بالخصوص پرائس کنٹرول کمیٹی غیر فعال ہوچکی ہے اور شہری تاحال پریشان ہیں اور دکانداروں سے دوگنے داموں پر خریداری کرنے پر مجبور ہیں۔ عوامی حلقوں نے بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جو کمی ہوئی ہے اُس کے اثرات عوام تک پہنچا نے کی توقع ظاہر کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں