امریکہ نے پاکستان کو انسانی اسمگلنگ کی واچ لسٹ سے نکال دیا
واشنگٹن:امریکا نے پاکستان میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مجموعی پیش رفت کو سراہتے ہوئے پاکستان کو انسانی اسمگلنگ کی درجہ 2 واچ لسٹ سے نکال کر درجہ 2 میں اپ گریڈ کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے محکمہ خارجہ سے رپورٹ جاری کی اور دنیا بھر سے ان افراد کے ناموں کا بھی اعلان کیا جن کی انتھک کوششوں نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں دیرپا اثر ڈالا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ انسداد اسمگلنگ کے اقدامات پر کورونا وائرس کی وبا کے ممکنہ اثرات کے باوجود حکومتِ پاکستان نے گزشتہ زیر جائزہ مدت کے مقابلے میں مجموعی طور پر اس حوالے سے کوششوں میں اضافہ ظاہر کیا، لہذا پاکستان کو درجہ 2 میں اپ گریڈ کردیا گیا ہے۔درجہ 2 میں وہ ممالک شامل ہیں جن کی حکومتیں انسانی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے لیے تمام تقاضوں کی مکمل طور پر تعمیل نہیں کرتیں، لیکن اس حوالے سے اقدامات کو ان معیارات کے مطابق لانے کے لیے قابل ذکر کوششیں کر رہی ہیں۔اس کے برعکس درجہ 2 واچ لسٹ میں وہ ممالک شامل ہیں جنہیں درجہ 3 میں رکھا جاسکتا ہے، ان پر پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں اور عدم تعمیل کی وجہ سے ان کی امریکی اور بین الاقوامی امداد تک رسائی محدود ہو سکتی ہے۔پاکستان 2015 سے 2017 میں واچ لسٹ میں رہا اور 2018 میں درجہ 2 میں اپ گریڈ کیا گیا اور اس سے اگلے سال 2019 میں بھی اسی میں رہا، تاہم 2020 میں دوبارہ پاکستان کی درجہ 2 واچ لسٹ میں تنزلی ہوگئی اور 2021 میں بھی یہ اسی فہرست میں رہا۔


