حکومت محرم الحرام میں سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن کے کارکنان نے اپنے ایک مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ محرم الحرام ایثار اور قربانی کا مہینہ ہے۔ محرم الحرام ہمیں حق و صداقت پر قائم رہنے اور باطل اور ظالم قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ حضرت حسینؓ نے اپنے اہل و عیال کی قربانی دیکر مظلوم اور محروم قوتوں کی آواز کو ہمیشہ بلند رکھا جو رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ حضرت حسین ؓ کا پیغام عالمگیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری حضرت حسینؓ ہماری شہ رگ حیات ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں علمائے کرام اور زاکرین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہینے میں برداشت و رواداری اور امن و بھائی چارہ کی ترویج کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق پر زور دیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کو یقنی بنائیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کا عملہ مجالس، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستے میں موثر صفائی اور روشنی کے انتظامات کے جلد از جلد مکمل کرے۔


