طوفانی بارشوں کے نتیجے میں صوبے میں بجلی کے 140 کھمبے گرگئے، کیسکو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ حالیہ شدید طوفانی بارشوں کے نتیجے میں صوبہ کے مختلف علاقوں میں کیسکوکے مختلف آپریشن سرکلز کے حدود میں اب تک بجلی کے140 کھمبے گرگئے ہیں۔ جس کے تحت کیسکوخضدارسرکل کے خاران سب ڈویژن کے نوروزقلات، محمدخان، قادرآباد، جوداقلات، میرین،شیروزئی،بیدی اورساروان فیڈروں کے 28کھمبے گرگئے ہیں،نوشکی کے علاقہ بادینی فیڈر،سٹی تھری اور مینگل فیڈرپر تقریباً18کھمبے گرگئے ہیں۔خضدارکے علاقے فیروزآباداور صالح فیڈروں کے 26کھمبے جبکہ سوراب کے علاقے میں بھی بجلی کے 8کھمبے گرگئے ہیں۔اسی طرح خضدارکے علاقے کر خ کو بجلی فراہم کرنے والی 33Kvٹرانسمیشن لائن کے حصے کو تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر تک نقصان پہنچاہے اس دوران زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے33Kvٹرانسمیشن لائن کے نقصانات کااندازہ لگانا مشکل ہے۔ آواران میں بھی بجلی کے 7کھمبے گرے ہیں۔علاوہ ازیں کیسکو پشین سرکل میں شدید بارشوں کے باعث قلعہ عبداللہ میں مختلف مقامات پر 11Kvکے متعدد کھمبے گرگئے ہیں جن میں شہری علاقہ کیسٹی ٹو، سٹی تھری، مکی، خانیزئی کے علاقے شامل ہیں نیز کیسکولورالائی سرکل کے علاقوں قلعہ سیف اللہ، شرن جوگیزئی،طوراسکی، میرزئی، پسین زئی،اسلام یار، ایکسپریس، پتوزئی، علی خیل،اسماعیل زئی اور عارف فیڈروں کے مجموعی طورپر53کھمبے گرگئے ہیں۔دریں اثناء چیف ایگزیکٹو آفیسرکیسکو انجینئر عبدالکریم جمالی نے کیسکوکے پراجیکٹ ڈائریکٹر (کنسٹرکشن) کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ تمام علاقوں میں سامان کی منتقلی کا عمل شروع کرکے ہنگامی بنیادوں پر بجلی کے متاثرہ کھمبوں کی تنصیب کاکام شروع کریں تاکہ متاثرہ علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کیاجاسکے۔علاوہ ازیں آپریشن اسٹاف کو بھی سختی سے ہدایات جاری کردئیے گئے ہیں کہ وہ بجلی بحالی کاعمل جلد مکمل کریں۔


