مالک ترین کی بطور وی سی پنجگور یونیورسٹی آف مکران تعیناتی قبول نہیں، طالبات
پنجگور (انتخاب نیوز) پنجگور یونیورسٹی آف مکران کی طالبات نے ایک پریس کانفرنس میں مالک ترین کو بطور وی سی قبول کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 30 دنوں سے یونیورسٹی بند ہے، جس کی وجہ سے ہمارا تعلیمی سلسلہ منقطع ہے لیکن وی سی عوامی خواہشات اور طلبہ کے احساسات کے برعکس اس بات پر بضد ہیں کہ وہ ہر حال میں اس کرسی پر مسلط رہیں گے، مگر پنجگور کی تمام سیاسی قیادت، طلباء، سول سوسائٹی نے ملکر یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی حال میں مالک ترین کو بطور وی سی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف مکران کی ایک ماہ مسلسل بندش سے تعلیمی سلسلہ منقطع ہوچکا ہے۔ طلبہ وطالبات کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس تمام تر صورت حال کے ذمہ دار مسلط شدہ وی سی مالک ترین ہیں جس کی انا پرستی کی وجہ سے طلبہ ایک غیر یقینی مستقبل سے دوچار ہیں جب ایک علاقے کے عوام بشمول سیاسی قیادت انکی تقرری کیخلاف ہوں تو کوئی جواز نہیں بنتا کہ وہ کسی ادارے یا محکمہ پر مسلط رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج جاری ہے جب تک مالک ترین کی واپسی نہیں ہوگی، اس وقت تک ہم احتجاج پر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف مکران کی طالبات اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔


