مولا بخش دشتی خواتین کے حقوق اور سیاسی عمل میں شراکت داری کے علمبردار تھے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی خواتین ونگ کا اجلاس زیر صدارت مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی، فریدہ بلوچ کی رہائش گاہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خواتین ونگ کی فعالیت و سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مولا بخش دشتی کی یاد میں کوئٹہ میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس میں خواتین ونگ بھرپور شرکت کرے گی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی نے کہا کہ مولا بخش دشتی بلوچ سیاست کے سرخیل رہنماؤں میں سے ہیں۔ انہوں نے سیاست میں سیاسی کارکنوں کی شعوری وفکری تربیت کی۔ مولا بخش دشتی خواتین کے حقوق اور سیاسی عمل میں شراکت داری کے مکمل علمبردار تھے، یہ کہنا بجا ہوگا کہ نیشنل پارٹی خواتین کی فعالیت میں مولا بخش دشتی کا کردار نمایاں رہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو ہر شعبے میں باوقار زندگی، مقام اور مرتبہ فراہم کرنا شعوری سوچ کا تقاضا ہے اور اس کیلئے نیشنل پارٹی معاشرے میں تعمیری سوچ کو پروان چڑھانے میں بنیادی کردار ادا کررہی ہے۔ اگر ہم بلوچستان کی خواتین کو نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم پر منظم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو کوئی سوچ بھی نہیں سکے گا کہ وہ خواتین کے حقوق کی پامالی اور امتیازی حیثیت دے سکے۔ یاسمین لہڑی نے خواتین ونگ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین ونگ کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور بلوچستان کا مجموعی معاشرہ خواتین کے حقوق کا علمبردار ہوگا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے ممبر ورکنگ کمیٹی حمیدہ فدا، فریدہ بلوچ، سعدیہ بادینی، سائرہ شاہوانی، ڈاکٹر ماہ نور بلوچ، زیمل بلوچ، ایڈووکیٹ نائلہ شاہوانی، ڈاکٹر بے نظیر سمیت دیگر موجود تھیں۔


