اوورسیز پاکستانیوں کو غیر ملکی کہنا الیکشن کمیشن کیلئے شرمناک ہے، قاسم سوری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے امپورٹڈ حکمرانوں کومسترد کردیا ہے حکمرانوں کے پاس ملک میں فوری عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے پاکستان تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی اگر امپورٹڈ حکمرانوں نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی کوشش کی تو پی ٹی آئی عوام کے ساتھ ملکراس کے خلاف احتجاج کریگی۔ یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر قاسم خان سوری،سردارزادہ ادریس تاج،نوابزادہ شریف جوگیزئی، ضلع کوئٹہ کے صدر عبدالباری بڑیچ، جنرل سیکرٹری و صوبائی مشیر مبین خان خلجی،ملک عادل بازئی اوردیگر نے سردارزادہ ادریس تاج کی جانب سے ارباب کرم خان روڈ پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے کہا کہ الیکشن کمشنر آف پاکستان پی ڈی ایم کی بی ٹیم کا کردارادا کررہے ہیں پی ڈی ایم نے الیکشن کمشنر پر دباو ڈال کر اپنی مرضی کا فیصلہ کروایا ہے۔نہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران اور پی ڈی ایم عمران خان سے خوفزدہ ہے عمران خان کے خلاف بدنیتی پر مبنی ریفرنس دائر کئے گئے، فارن فنڈنگ کوئی کیس نہیں اوورسیز پاکستانی خود سامنے آگئے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو غیر ملکی کہنا الیکشن کمیشن کیلئے شرمناک ہے عمران خان کو پہلے وزارت عظمی سے ہٹایا گیا اب انہیں انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس ڈبہ ریفرنس ہے پی ٹی آئی چیئرمین نے توشہ خانہ قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی پاکستان تحریک انصاف ہر محاذ پر امپورٹڈ حکمرانوں کا مقابلہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر امپورٹڈ حکمرانوں نے الیکشن کمشنر کے ساتھ ملکر تحریک انصاف پر پابندی لگانے کی غلطی کی تو پورے پاکستان کے عوام امپورٹڈ حکمرانوں کے خلاف روڈوں پرنکل آئیں گے اورانہیں سنبھالنا حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کردیا ہے اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رک دیا ہے انکے پاس ملک میں فوری عام انتخابات کے سواکوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں