شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ، ایک شخص قتل، سچل میں درخت سے نوجوان کی لٹکی لاش ملی

کراچی (انتخاب نیوز) شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا، سچل کے علاقے میں ہندو نوجوان کی درخت سے لٹکی لاش ملی جبکہ گلشن معمار، مومن آباد میں فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعات کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں انور کلینک کے قریب ملزمان نے فائرنگ کرکے 40 سالہ شخص کو قتل کردیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناخت نہ ہوسکی، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش سردخانے منتقل کرکے ورثاء کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ سچل کے علاقے صفورہ گوٹھ رم جھم ٹاور کے قریب درخت سے پھندا لگی نوجوان کی کئی روز پرانی لاش ملی جو جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 22 سالہ رمیش ولد بوٹو کے نام سے ہوئی، پولیس اندوہناک قتل کے سلسلے میں مزید تحقیقات کررہی ہے۔ دریں اثناء گلشن معمار تھانے کی حدود میں کے ڈی اے پلانٹ کے قریب فائرنگ سے 20 سالہ فیاض ولد محمد عامر زخمی ہوگیا ، واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ بتایا جاتا ہے ۔ مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن مسقطی محلہ میں توحیدی محلہ اللہ والی مسجد کے قریب دو گروہوں میں مسلح تصادم کے دوران فائرنگ سے 35 سالہ محمد عرفان ولد محمد صادق، 25 سالہ بلال ولد عبدالرحمان، 25 سالہ جمیل احمد ولد عبدالغفار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو عباسی شہیداور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں