سانحہ کرسچن کالونی کے واقعہ پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے، بی این پی
مستونگ (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر وضلعی صدر کوئٹہ میر غلام نبی مری،سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی،ہیومن رائٹس سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ،شہہ مرید بلوچ،بی این پی کوئٹہ کے اقلیتی رہنماؤں میں احتشام جان مسیح، کامران مسیح، لطیف مسیح، صفدر مسیح، فیصل مسیح، ناصر مسیح، ضلعی جنرل سیکرٹری بی این پی مستونگ جمیل بلوچ، سیکرٹری اطلاعات انجینئر امیرجان، تحصیل نائب صدر میر سیف الدین پرکانی،علی بلوچ و دیگر نے کرسچن کالونی مستونگ میں گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ولسن مسیح کے انتقال پر انکے لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر میر غلام نبی مری نے ولسن مسیح کے لواحقین سے کہا کہ مصیبت و پریشانی کی اس گھڑی میں ہم آپ لوگوں کے دکھ ودرد میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ کرسچن کالونی مستونگ واقعہ میں ملوث معصوم اقلیتی رہنماؤں بچوں وبزرگوں پر فائرنگ و زخمی کرکے بآسانی فرار ہونا دراصل اقلیتی رہنماؤں اورعلاقے میں خوف وہراس پھیلانا ہے۔ جنکا مقصد اسلامی وبلوچ قبائلی روایات کو پامال کرنا بلوچ قوم پرستانہ سیاست کو کمزور کرنا ہیں جسکی بلوچستان نیشنل پارٹی اقلیتی رہنماؤں کے ساتھ ظلم و ناانصافیوں کی ہر فورم پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غریب و مظلوم اقلیتی رہنماؤں کے ساتھ ظلم و ناانصافی کیخلاف انسانی جانوں کے ضیاع کی بدولت اور زخمیوں کے لواحقین کے ساتھ ہر قسم کے مکمل مالی تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سانحہ کرسچن کالونی کے اس دلخراش واقعہ پر انکوائری کمیٹی تشکیل دیکر واقعہ کی صاف وشفاف طریقے سے انکوائری کرکے لواحقین کو جلد ازجلد انصاف فراہم کیا جائے۔


